پنجی، 9؍نومبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) کانگریس نے منگل کو دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت کے خلاف لگائے گئے 2جی اسپکٹرم کے الزامات ایک سازش تھی۔کانگریس کی لیڈر الکا لامبا نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ اس وقت کی حکومت میں ہلچل پیدا کرنے کے ارادے سے کی گئی ایک سوچی سمجھی سازش تھی۔انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہاکہ کیوں حکومت گزشتہ سات برسوں میں منموہن سنگھ کی حکومت کے خلاف لگائے گئے الزامات کو ثابت نہیں کرسکی؟ یہ ٹھیک اسی طرح کے الزامات ہیں جن کی بنیاد پر بی جے پی دہلی کے ساتھ ساتھ گوا میں اقتدار میں آئی ہے۔ لوگوں کا استعمال کٹھ پتلیوں کی طرح کیا گیا، جن کی رسی راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور نریندر مودی کے ہاتھوں میں تھی۔الکا لامبا نے بتایا کہ جو لوگ انڈیا اگینسٹ کرسپشن کے بینر تلے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی حکومت کی مخالفت کررہے تھے انہیں بعد میں وزیر کا عہدہ دیکر نوازا گیا یا گورنر بنا دیا گیا۔ الزام لگانے والے الزام ثابت کرنے کیلئے آگے نہیں آئے۔ جن لوک پال بل کی صورتحال کوئی نہیں جانتا۔ دہلی میں لوک آیکت کا عہدہ گزشتہ ایک برس سے خالی ہے۔محترمہ لامبا نے نوٹوں کی منسوخی کو ایک‘دھوکہ’قرار دیتے ہوئے پوچھا کہ کیا بلیک منی ہندوستان میں واپس آیا، دہشت گردی ختم ہوئی، لوگوں نے پتھر اٹھانا چھوڑا؟محترمہ لامبا کہتی ہیں کہ حکومت کو سوئس بینک میں موجود رقم کے بارے میں ملک کو آگاہ کرنا چاہئے کانگریس کی لیڈر نے بی جے پی حکومت کو ڈاکٹر منموہن سنگھ کی حکومت پر لگائے گئے الزامات کو ثابت کرنے کیلئے چیلنج کیا۔